ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہندوستان نے جنوبی افریقہ کو ہرا کر ٹی 20سیریز جیت لی

ہندوستان نے جنوبی افریقہ کو ہرا کر ٹی 20سیریز جیت لی

Sun, 25 Feb 2018 21:15:59    S.O. News Service

کیپ ٹاؤن ،25؍ فروری ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) سریش رینا کے 27گیند میں 43 رن کے بعد اپنے گیند بازوں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت ہندوستان نے فیصلہ کن تیسرے ٹی 20 کرکٹ میچ میں سات رنز سے جیت درج کرکے سیریز 2-1 سے اپنے نام کر لی۔ ہندوستان نے پہلے بلے بازی کی دعوت پر سات وکٹ پر 172 رن بنائے۔جواب میں جنوبی افریقہ ٹیم 20 اوور میں چھ وکٹ پر 165رن ہی بنا سکی۔ٹیسٹ سیریز گنوانے کے بعد ون ڈے سیریز جیتنے والی ہندوستانی ٹیم نے اس جیت کے ساتھ ہی آٹھ ہفتے کے دورے کا شاندار اختتام کیا۔جنوبی افریقہ کی ٹیم میں قدم رکھنے والے کرسٹیان جوکر نے 24 گیند میں پانچ چوکوں اور دو چھکوں کے ساتھ 49 رنز بنا کر ہندوستان کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی تھی لیکن آخر میں بھونیشور کمار اینڈ کمپنی نے تحمل کے ساتھ بولنگ کرتے ہوئے ہندوستان کی جیت کو یقینی بنایا۔جوکر کے علاوہ کپتان جے پی ڈومنی نے 41گیند میں 55رن بنائے جس میں دو چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ان دونوں کے علاوہ کوئی میزبان بلے باز ٹک کر نہیں کھیل سکا۔ہندوستان کے لیے بھونیشور کمار نے چار اوور میں 24رن دے کر دو وکٹ لئے جبکہ پنڈیا نے چار اوور میں 22رن دے کر ایک وکٹ لیا۔ ہندوستانی اننگز میں اوپنر شکھر دھون نے 40 گیند میں 47 رن بنائے۔


Share: